ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ظفر فاروقی لگاتار تیسری مرتبہ یو پی سنی سنٹرل وقف بورڈ کے چیئرمین منتخب

ظفر فاروقی لگاتار تیسری مرتبہ یو پی سنی سنٹرل وقف بورڈ کے چیئرمین منتخب

Wed, 10 Mar 2021 11:56:06    S.O. News Service

لکھنؤ، 10؍مارچ (ایس او نیوز؍ایجنسی) اتر پردیش سنی وقف بورڈ میں نئے چیئرمین کا انتخابی عمل منگل کے روز مکمل ہوا، جس میں ظفر فاروقی نزدیکی مقابلے میں کامیاب ہوئے۔ الیکشن میں 8 منتخب اور 3 نامزد یعنی کل 11 اراکین نے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ سبھی اراکین کی میٹنگ باپو بھون سکریٹری میں بوقت شام بلائی گئی تھی۔ دراصل 11 رکنی وقف بورڈ میں 8 اراکین الیکشن کے ذریعہ چنے جاتے ہیں، جب کہ تین اراکین حکومت نامزد کرتی ہے۔

گزشتہ جمعہ کو 8 اراکین بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں اور ہفتہ کے روز حکومت نے تین اراکین کو نامزد کر دیا تھا۔ سبھی 11 اراکین کو 9 مارچ بروز منگل کو باپو بھون سکریٹری کی دوسری منزل واقع جلسہ گاہ میں شام 4 بجے میٹنگ کے لیے مدعو کیا گیا۔ یہی 11 اراکین نے آپس میں سے چیئرمین کا انتخاب کیا۔ سنی وقف بورڈ کے اراکین میں دو اراکین پارلیمنٹ، دو اراکین اسمبلی، دو بار کونسل رکن، دو متولی، ایک سماجی کارکن، ایک اسلامی اسکالر اور ایک جوائنٹ سکریٹری سطح کے افسر شامل ہیں۔

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق سبھی اراکین نے ہاتھ اٹھا کر ووٹنگ میں حصہ لیا۔ ظفر احمد فاروقی کے حق میں ابرار احمد، عدنان فرخ شاہ، ظفر احمد فاروقی، مولانا نعیم الرحمن صدیقی، صبیحہ احمد اور ڈاکٹر تبسم خاں شامل ہیں، جب کہ عمران معبود خاں کے حق میں کنور دانش علی، ڈاکٹر ایس ٹی حسن، نفیس احمد، عمران معبود خاں اور عبدالرزاق خاں نے ووٹ دیے۔


Share: